پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جہاں بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے، چھت گرنے اور جھگڑے کے دوران فائرنگ جیسے افسوسناک واقعات میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
بہاولنگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے نواحی علاقے میں بارش کے جمع شدہ پانی میں نہاتے ہوئے 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو پانی سے نکالنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ افسوسناک واقعہ نے علاقے میں کہرام مچا دیا ہے۔
ادھر فیصل آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہلِ علاقہ کے مطابق مکان خستہ حالی کا شکار تھا اور مسلسل بارشوں کے باعث زمین بوس ہو گیا۔
دوسری طرف حافظ آباد میں پانی کی نکاسی کے مسئلے پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا۔ معمولی جھگڑا اس وقت سنگین صورت اختیار کر گیا جب ایک گروپ نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات و واقعات میں اب تک 45 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ حکومتِ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نکاسیِ آب، متاثرہ خاندانوں کی مدد اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر کھلے پانی میں نہ جانے، خستہ حال عمارات سے دور رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1122 پر فوری رابطہ کریں۔








