پنجاب میں ٹڈی دل کا حملہ، سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ میں کیا کہا؟

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سند ھ ،بلوچستان او ر پنجاب میں ٹڈی دل کے حملوں، ملک بھر میں شدید بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی فوری امداد کے لیے قرار دادیں اور آٹے کے بحران پر سینیٹ میں تحریک پیش کردی ہے ۔

ایک قرار داد میں کہا گیاہے کہ سینیٹ کا یہ ایوان صوبہ بلوچستان، سندھ کے بعد پنجاب کے جنوبی اضلاع میں فصلوں اور باغات پر ٹڈی دل کے تباہ کن حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور وفاقی حکومت کی طرف سے بروقت امدادی کارروائیاں نہ کرنے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ کسانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

سینیٹ کا یہ ایوان وفاقی حکومت کو یاددہانی کراتا ہے کہ ٹڈی دل نے بلوچستان میں مارچ، اپریل 2019میں حملہ کیاوہاں نقصان کے بعد سندھ کے علاقوں خیرپور،مٹھی ،عمرکوٹ ،بدین ،نوشہروفیروز،کھپرو،سانگھڑ،ڈھرکی،پنوعاقل سمیت دیگر علاقوں میں نقصان کیا اورپھلتی پھولتی رہی اسکے بعدپنجاب کا رخ کیا اور صادق آباد،رحیم یار خان ،یزمان ،ہارون آباد ،بہاولنگر سمیت دیگر علاقوں میں اب تک حملہ آور ہے جس میں سرسوں ،کینولہ ،اسپغول ،چارہ جاتی فصلوں کا شدید نقصان ہوا ہے لیکن اس کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاق نے محدود اقدام سمیت کوئی مضبوط منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی نہیں کی ۔

سینیٹ کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ٹڈی دل سے متأثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کرے ۔بلوچستان ،سندھ اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے فوری طور پر تخمینہ لگائے ہوئے متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور کوآرڈی نیشن کے ذریعے فی الفور امدادی کارروائیوں کا آغاز کرے۔متأثرہ کسانوں کو نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ٹڈی دل کے حملوں سے بچنے کے لیے موثر احتیاطی تدابیر کی جائیں۔

ٹڈی دل کا حملہ ٹڈی دل تاندلیانوالہ پہنچ گئی چند ہی منٹوں میں فصلوں کا صفایا کر دیا ٹڈی دل سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ٹڈی دل کے حملہ کے پیش نظر محکمہ زراعت کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا محکمہ زراعت کے مطابق ٹڈی دل کو تاندلیانوالہ کے چک نمبر404,403,400، 601 گ ب سمیت دیگر علاقوں میں پایا گیا، ٹڈی دل کے حملہ سے گنا، گندم اور چارے کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ محکمہ زراعت کی جانب سے تمام ملازمین کو فیلڈ میں آگاہی کے لئے تعینات کر دیا گیاکاشتکار حملے کی صورت میں ڈھول اورپٹاخوں کے ذریعے شور مچائیں حملے کی صورت میں سپرے بار ے بھی آگاہی دی جا رہی ہے

دوسری قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں شدید طوفانی بارشوں، برف باری سے متأثرہ علاقوں، بالخصوص آزاد کشمیر کے علاقہ وادیٔ نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے 100 سے زائد افراد جاں بحق اور دیگر درجنوں زخمی ہوئے ہیں، کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی اقدامات اُٹھائے۔یہ ایوان حالیہ طوفانی بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بلاتاخیر اِن نقصانات کا درست تخمینہ لگاکر تمام متأثرین کو معقول مالی امداد / معاوضہ اور موسم کی شدّت سے بچنے کے لیے ضروری ساز و سامان مہیا کیا جائے۔

یہ ایوان وفاقی حکومت کو مشورہ دیتا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کیساتھ بھرپور رابطہ کے ذریعے بارشوں اور برفباری سے متأثرہ خاندانوں / افراد کو ریلیف دینے کے لیے بلاتاخیر ضروری ساز و سامان کی فراہمی اور مالی امداد کو یقینی بنایا جائے۔آٹے کے بحران پر پیش کردہ تحریک میں کہا گیاہے کہ یہ ایوان گندم اور آٹے کے بحران کے نتیجے میں ملک بھر میں آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اچانک غیرمعمولی اضافہ سے پیدا شدہ صورتِ حال اور اس حوالے سے انتظامی اُمور پر وفاقی حکومت کی کمزور گرفت کو زیر بحث لائے

سردی بھی سردی سے پناہ مانگنے لگی :ملک بھر میں برف باری اور لینڈسلائیڈنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 120 سے تجاوز کرگئی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آزاد کشمیرمیں برفانی تودے گرنے سے76، بلوچستان میں برف باری کے باعث مختلف حادثات میں 21، خیبرپختونخوا میں 2 اور گلگت بلتستان میں برفباری سے 7 افراد جاں بحق ہوئے.

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ آزاد جموں کشمیر میں موت اور تباہی کا پیغام لیکر آئیں۔ میں نے آزاد جموں کشمیر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی, فوج اور تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

Shares: