پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ تاہم شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا۔

پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور، سرگودھا اور بھلوال میں موسلادھار بارش اور بوندا باندی سے درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، جبکہ کچھ علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واسا مکمل الرٹ پر ہے تاکہ نکاسیٔ آب کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔خیبرپختونخوا کے ضلع کرک اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ کوہِ سلیمان رینج سمیت دیگر مقامات پر بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے بلتستان ڈویژن میں بھی آج سے بارشوں کا امکان ہے اور یہ سلسلہ 29 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔

لاہور میں خراب موسم نے ہوائی سفر کو بھی متاثر کیا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق موسمی خرابی کے باعث کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ بعض کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا۔ استنبول سے لاہور آنے والی پرواز TK719 کو موسم کی خرابی کے باعث کراچی اتار لیا گیا، جو بعد ازاں موسم بہتر ہونے پر لاہور روانہ ہوئی۔اسی طرح شارجہ، راس الخیمہ، کولمبو، دبئی، پیرس اور دوحہ سے آنے والی پروازوں کو بھی لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور سے جدہ جانے والی 12، ریاض جانے والی 6 اور ابوظہبی کی ایک پرواز 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں بھی موسم ابر آلود ہے تاہم وہاں پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ دوسری جانب ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی ایف 769 کو خراب موسم کے باعث ملتان ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

Shares: