پنجاب پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی طرف اہم قدم اٹھاتے ہوئے مینیول ڈاک سسٹم ختم کر دیا ہے اور صوبے بھر میں آن لائن رابطہ کاری کے لیے نیا سافٹ ویئر ’ای فوش‘ متعارف کرا دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، لاہور سمیت پنجاب بھر کی پولیس کو اب تمام خط و کتابت، رپورٹس اور افسران و برانچز کے درمیان مراسلہ جات آن لائن ای فوش سسٹم کے تحت موصول ہوں گے۔ اس سسٹم کے نفاذ کے بعد آئی جی آفس کی ڈائری و ڈسپیچ برانچ میں کاغذی ڈاک کی وصولی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔اب صرف لیگل برانچ یا حکومت سے متعلقہ ضروری مراسلے ہی کاغذی صورت میں وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر تمام معلومات و رپورٹس آن لائن موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی کے لیے متعلقہ برانچز تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای فوش سسٹم کے ذریعے تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران کو ڈیش بورڈ پر فوری آگاہی ملتی ہے، جس سے کارکردگی اور شفافیت میں بہتری آئے گی۔ آن لائن سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف ڈاک میں تاخیر ختم ہوگی بلکہ سالانہ کروڑوں روپے کی اسٹیشنری کے اخراجات میں بھی نمایاں بچت ہوگی۔
پولیس حکام نے اس اقدام کو ایک بڑا اصلاحاتی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب کسی بھی خط، مراسلے یا رپورٹ کو چھپانا یا دبانا ممکن نہیں رہے گا۔
بھارت کی ایک اور ضد،ایشیا کپ 2025 کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی
غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، ایک دن میں 104 فلسطینی شہید