یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جلد وفات پا جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق زیلنسکی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پیوٹن کی صحت بگڑ رہی ہے اور وہ زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا، "یہ حقیقت ہے، یہ سب ختم ہو جائے گا۔”

زیلنسکی نے مزید کہا کہ پیوٹن اپنی آخری سانس تک اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں اور مغرب کے ساتھ تصادم کے خواہاں ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی پیشگوئی کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

پیوٹن کی صحت کے حوالے سے کئی برسوں سے قیاس آرائیاں جاری ہیں، خاص طور پر یوکرین جنگ کے بعد سے۔ ماضی میں بھی دعوے کیے گئے کہ انہیں کینسر یا پارکنسن جیسی بیماری لاحق ہے تاہم کریملن نے ان افواہوں کی ہمیشہ تردید کی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور یوکرین کے وفود نے سعودی عرب میں مذاکرات کے دوران توانائی تنصیبات پر حملے اور بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

Shares: