اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے رتہر نہڑانوالی کی معروف شخصیت قاری مختیار احمد بھگلہ نے اپنی برادری سمیت رکنِ صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر غوث الاعظم ہاؤس میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہوں نے باقاعدہ سیاسی شمولیت اختیار کرتے ہوئے سید عامر علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
قاری مختیار احمد بھگلہ، جو ماضی میں مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کے سیاسی کیمپ سے وابستہ رہے، نے موجودہ سیاسی منظرنامے میں تبدیلی اور مخدوم سید عامر علی شاہ کی قیادت سے متاثر ہو کر نیا سیاسی فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی برادری کے ہمراہ سیاسی وابستگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کی ترقی اور عوامی خدمت کے وژن کی تکمیل کے لیے موجودہ قیادت کے ساتھ چلیں گے۔
تقریب میں دعا خیر کی گئی اور برادری کے دیگر معززین نے بھی قاری مختیار احمد کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے اس نئے سیاسی اتحاد کو خوش آئند قرار دیا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد حلقہ پی پی 250 میں سیاسی توازن نئی کروٹ لے سکتا ہے اور یہ پیش رفت مستقبل کے انتخابات میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔
مخدوم سید عامر علی شاہ نے قاری مختیار احمد بھگلہ اور ان کے ساتھیوں کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ شمولیت نہ صرف جماعت کو تقویت دے گی بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
مقامی سطح پر اس خبر کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے اور اسے اوچ شریف کے سیاسی نقشے میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔