ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ 10 کے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7وکٹ سے ہرادیا۔
پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے سیزن کی پہلی نصف سنچری بنائی۔ بابر اعظم 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ان کے علاوہ حسین طلعت نے بھی 51 رنز کی اننگ کھیلی، صائم ایوب 2 رنز بناسکے، لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور کے قذافی اسٹڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندر کا آغاز اچھا نہیں تھا، جس کی نصف ٹیم محض 34 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور فخر زمان 10، آصف علی 5، عبداللہ شفیق صفر اور ڈیرل مچل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔قلندرز کا چھٹا نقصان بھی 44 رنز پر اٹھانا پڑا، جب سیم بلنگز 9 رنز بنا کر علی رضا کا شکار بنے۔اس موقع پر سکندر رضا اور کپتان شاہین آفریدی نے کچھ مزاحمت دکھائی اور ٹیم کا اسکور 67 پر پہنچایا، تاہم کپتان ہمت ہار بیٹھے اور 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے علاوہ راشد حسین نے 13 اور حارث رؤف نے 10 رنز بنائے، تاہم سکندر رضا صرف 37 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پشاور زلمی کے الزاری جوزف 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پلیئنگ الیون
میچ کے لیے لاہور قلندر کی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، ان میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سکندر رضا، آصف علی، راشد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی اور محمد آزب شامل ہیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر-کیڈمور، حسین طلعت، مچل اوون، عبدالصمد، لیوک ووڈ، الزاری جوزف، عارف یعقوب اور علی رضا شامل ہیں۔