کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے قلات میں قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔
باغی ٹی وی: قلات میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے میں حملے کے نتیجے میں ایف سی کے چاراہلکار بھی زخمی ہیں، خود کش حملے میں نائیک عطااللہ شہید ہوگئے،زخمیوں میں سپاہی وکیل، زاہد، عباس اور مشتاق شامل ہیں،
ڈپٹی کمشنر قلات کے مطابق دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہےجبکہ علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ،دھماکا خاتون خود کش حملہ آور نے کیا۔
پاک افغان بارڈر تنازعہ شدت اختیار کرگیا، فائرنگ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال
عینی شاہدین کے مطابق قومی شاہراہ سے گزرنے والی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے جبکہ آسمان پر کالے بادل چھا گئے تھے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں ایف سی کے قافلے پر خودکش حملہ کی مذمت کی اور ایف سی کے شہید اہلکار عطا اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور بیان میں کہا کہ شہید عطا اللہ کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
لاہور: ماتحت عدلیہ میں 33 نئے سول ججز کی تعیناتی کی منظوری
وزیرداخلہ نے زخمی جوانوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایف سی کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایف سی کی انمٹ قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی قلات میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت
مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے قلات میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس حملے میں شہید ہونے والے نائیک عطاء اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلا تفریق سخت ترین آپریشن کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت کو چاہیے کہ دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔ خالد مسعود سندھو نے زخمی ہونے والے چار ایف سی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ملک میں قیام امن کے لیے سب کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن عناصر امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہماری بہادر سیکورٹی فورسز ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گی۔مرکزی مسلم لیگ کے صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں موجود دہشتگرد عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی فوج اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک میں امن کے قیام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔