قاسم باغ کی گونج ۔۔۔۔ ڈاکٹر راشد قریشی نے ڈیرہ غازی خان کا نام روشن کردیا
تحریر: جواد اکبر بھٹی، ڈیرہ غازی خان (چراغِ آگہی)
ڈیرہ غازی خان کی سرزمین ایک بار پھر روشن چہرے کے ساتھ ملک بھر میں نمایاں ہوئی ہے۔ شہر کے نامور معالجِ بصارت، سماجی رہنما، خوش اخلاق شخصیت اور "فرینڈز آف غازی یونیورسٹی” کے سرکردہ رہنما ڈاکٹر محمد راشد قریشی نے حال ہی میں ایک ایسا اعزاز حاصل کیا ہے جو نہ صرف ان کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے بلکہ ڈیرہ غازی خان کی شناخت اور وقار میں بھی اضافہ ہے۔
گزشتہ دنوں کراچی میں منعقدہ نیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول میں ڈاکٹر راشد قریشی کے قائم کردہ کھجور فارم "قاسم باغ” کو پاکستان کا بہترین کھجور فارم قرار دیا گیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جس نے ڈیرہ غازی خان کو پورے ملک میں سرخرو کر دیا اور اس خطے کے لیے فخر کا باعث بن گیا کہ یہاں کی زمین سے وہ ثمرات نکلے جنہیں قومی سطح پر پہلی پوزیشن عطا ہوئی۔ ڈاکٹر صاحب ہمیشہ سے اس پر بھرپور محنت کرتے رہے ہیں اور اپنے دوستوں و احباب کو اعلیٰ نسل کی کھجور نہ صرف کھلاتے بلکہ تحفے میں بھی دیتے۔ راقم الحروف کو بھی کئی مرتبہ ان کے ہاں اعلیٰ اور معیاری کھجور کا ذائقہ چکھنے کا موقع ملا۔
غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر راشد قریشی نے اس کامیابی کی خوشخبری دی۔ اس موقع پر انہوں نے جذباتی انداز میں کہا:
"یہ اعزاز میرے والدِ محترم کی محنت، پسینے اور خوابوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی لمحے ایک چھوٹے سے کھجور فارم کو پروان چڑھانے میں صرف کیے اور آج یہ فارم پاکستان بھر میں نمبر ون قرار پایا ہے۔”
ڈاکٹر راشد قریشی نے مزید بتایا کہ وہ مستقبل میں غازی یونیورسٹی اور قاسم باغ کے باہمی اشتراک سے ایسے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جن کے ذریعے کھجور کی کاشت جدید خطوط پر فروغ پائے گی اور ساتھ ہی علاقے کی معیشت کو بھی نئی توانائی ملے گی۔
یہ کامیابی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ خواب جب محنت اور اخلاص کے ساتھ پروئے جائیں تو وہ صرف ایک خاندان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کی پہچان بن جاتے ہیں۔ ڈاکٹر راشد قریشی کا یہ اعزاز دراصل ڈیرہ غازی خان کے ہر باسی کا اعزاز ہے۔