قاسم اکرم کی قیادت میں پاکستان شاہینز آج رات چین روانہ ہوگی

0
71

چین کے شہر ہانگزو میں منعقدہ 19 ویں ایشین گیمز میں حصہ لے گی۔ ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کرکٹ ایونٹ میں پاکستان شاہینز اپنی پیش قدمی کوارٹرفائنل سے شروع کرے گی کیونکہ آئی سی سی کی رینکنگ میں ایشیا کی ٹاپ چار ٹیموں کی وجہ سے اسے براہ راست کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ کوارٹرفائنل تین اور چار اکتوبر کو کھیلے جائیں گے ۔ پاکستان کا کوارٹرفائنل تین اکتوبر کو ہوگا۔
سیمی فائنل چھ اکتوبر کو ہونگے جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ سات اکتوبر کو ہونگے۔ پاکستان شاہینز نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پانچ روزہ کیمپ میں ٹریننگ کی ہےاور پریکٹس میچز کھیلے ہیں۔

پاکستان شاہینز کے پندرہ کھلاڑیوں میں سے سات کھلاڑی پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ان میں عامر جمال ( 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) ارشد اقبال ( ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) آصف علی ( 21 ون ڈے انٹرنیشنل اور 55 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) حیدرعلی ( 2 ون ڈے انٹرنیشنل اور 33 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) خوشدل شاہ ( 10 ون ڈے انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) شاہنواز دھانی ( 2 ون ڈے انٹرنیشنل اور 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) اور عثمان قادر ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) شامل ہیں۔

کپتان قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں قیادت کو وہ اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ کھلاڑیوں نے ماضی میں شاندار پرفارمنس دی ہے اور ٹیم ایشیا کپ ایمرجنگ ٹورنامنٹ جیتی ہےاور وہ ایسی ہی کارکردگی کی توقع ایشین گیمز میں بھی کررہے ہیں۔ ٹیم کا کامبی نیشن اچھا ہے ٹیم کی تیاری اچھی ہوئی ہے ۔ اسپن وکٹ کے چیلنجز کے لیے بھی ہم تیار ہیں۔ یہ ہمارا چین کا پہلا دورہ ہے اور ہم وہاں میچز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔وہ شائقین سے بھی کہیں گے کہ وہ ہمیں سپورٹ کریں۔

Leave a reply