قصور
جھوٹا عشق، دو بچوں کی ماں قتل: فیکٹری مزدور نے دوستوں کی مدد سے پہلی بیوی کو نہر میں دفن کردیا
کھڈیاں خاص (محلہ اسلام پورہ) کی رہائشی، دو بچوں کی ماں کائنات دختر سلمہ بی بی کو اس کے ہی شوہر نے بے دردی سے قتل کر دیا۔ قاتل فیکٹری مزدور ذیشان ولد حسن میو، ساکن دادے والا کنواں (ڈھنگ شاہ) نے دوستوں کی مدد سے واردات انجام دی اور لاش خشک نہر میں دبا دی
تفصیلات کے مطابق کائنات، جن کے پہلے شوہر کا انتقال ہو چکا تھا، نے فیکٹری میں کام کرنے والے ذیشان سے خفیہ طور پر محبت کی شادی کر رکھی تھی۔ یہ شادی ذیشان نے اپنے گھر والوں سے چھپا کر کی، جس کا علم صرف فیکٹری کے چند ساتھیوں کو تھا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ذیشان نے چند روز قبل والدین کے دباؤ پر جگیاں کی ایک لڑکی سے دوسری شادی بھی کر لی۔
9/12/25 کو ذیشان نے کائنات کو فون کر کے بلایا، جس کے بعد کائنات لاپتہ ہو گئی اور اس کا موبائل فون بند رہا۔ والدہ سلمہ بی بی اور اہل خانہ کی مسلسل کوششوں کے بعد معاملہ پولیس تک پہنچا۔ شہری اشرف سانول کی پیروی پر ایس پی انویسٹیگیشن قصور ضیاء اللہ خان سے ملاقات کی گئی، جنہوں نے ایس ایچ او تھانہ کھڈیاں شیخ عامر اور اے ایس آئی لیاقت کو فوری اور سخت کارروائی کی ہدایات دیں۔
پولیس نے ذیشان کو اس کے نئے سسرال جگیاں سے گرفتار کر کے تفتیش شروع کی تو ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں خفیہ بیوی کائنات کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر اے ایس آئی لیاقت نے رمضان خان چیئرمین کے بھٹے کے سامنے، دادے والا کنواں کی سمت مشرق واقع خشک نہر سے مقتولہ کی لاش برآمد کر لی، جسے قتل کے بعد دفنایا گیا تھا۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ کائنات اپنے دو معصوم بچوں کو یتیم چھوڑ کر جھوٹے عشق اور بے وفا رشتے کی بھینٹ چڑھ گئی

شوہر نے قتل کے بعد بیوی کی لاش نہر میں دبا دی
Shares:







