فضائی مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ایئر ہیلپ نے سال 2025 کے لیے دنیا کی بہترین ایئر لائنز کی سالانہ رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی معروف فضائی کمپنی قطر ایئر ویز نے ایک مرتبہ پھر بہترین ایئر لائن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ قطر ایئر ویز یہ مقام پانچ سال بعد دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
ایئر ہیلپ کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ میں دنیا بھر کی ایئر لائنز کو 10 میں سے اسکور دیا گیا، جس کا تعین تین بنیادی عوامل ، وقت کی پابندی، صارفین کی رائے اور کلیم پروسیسنگ کی بنیاد پر کیا گیا۔ تینوں عوامل کو رینکنگ میں برابر وزن دیا گیا، جس سے مجموعی کارکردگی کا شفاف تجزیہ ممکن ہوا۔رپورٹ کے مطابق قطر ایئر ویز نے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پہلا نمبر حاصل کیا۔ کمپنی نے نہ صرف وقت کی پابندی میں اعلیٰ معیار برقرار رکھا بلکہ صارفین کی جائزوں اور کلیمز کی بروقت پروسیسنگ میں بھی دیگر ایئر لائنز سے سبقت حاصل کی۔قطر ایئر ویز کے بعد متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز رینکنگ میں دوسرے نمبر پر رہی، جو مشرقِ وسطیٰ کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اور اہم کامیابی ہے۔ برطانیہ کی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے اس سال کی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق قطر ایئر ویز کی دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر واپسی اس بات کی علامت ہے کہ ایئر لائن نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنی سروس کو مسلسل بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی، جس کے نتیجے میں مسافروں کا اعتماد بھی بحال ہوا۔








