قطر کے شاہی خاندان کی بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی

qatar

کوئٹہ: قطر کے شاہی خاندان کے رکن شیخ طلال خلیفہ کے اے التھانی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو قطر میں روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ پیر کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے شیخ طلال کی قیادت میں قطر کے وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قطری وفد کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے قطری وفد کو "چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام” کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت 30 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دے کر قطر اور دیگر ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جہاں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کو بیرون ملک باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف یہ نوجوان اپنے خاندانوں کی کفالت کریں گے بلکہ پاکستان کے لیے قیمتی زر مبادلہ بھی بھجوائیں گے، جس سے ملکی معیشت میں استحکام آئے گا اور غربت میں کمی واقع ہوگی۔شیخ طلال خلیفہ کے اے التھانی نے "چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام” کو سراہتے ہوئے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر مختلف شعبوں میں بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار دینے کے لیے تیار ہے، تاکہ وہ اپنے ملک کی خدمت کے ساتھ ساتھ قطر میں بھی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے قطری شاہی خاندان کے وفد کو بلوچستان کی ثقافت اور روایات کے مطابق سوئنیر اور تحائف پیش کیے، جس پر معزز مہمانوں نے شکریہ ادا کیا۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کا باعث بنے گی اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے قطر میں روزگار کے دروازے کھلنے کا ایک بڑا موقع فراہم کرے گی، جس سے صوبے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے ہموار ہوں گے۔

Comments are closed.