وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں-

قطر کے قومی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہورہے ہیں،فیفا2022کا کامیاب انعقاد امن اور ترقی کے وژن کا عکاس ہے،پاکستان اور قطر کےکثیر الجہتی تعلقات ہیں،مشترکہ خوشحال مستقبل کے لئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں،قطر میں مقیم پاکستانی برادر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں-

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی دن کے پرمسرت موقع پر قطر کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امیر قطر کی مدبرانہ قیادت میں برادر ملک کی نمایاں ترقی پر خوشی ہےدونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں انہوں نے تنازعات اورپیچیدہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات ، مفاہمت کے قیام، خطے اور دنیا میں امن اور استحکام کیلئے قطر کی قیادت کی کاوشوں اور اقدامات کو بھی سراہا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فیفاورلڈکپ 2022ء کا کامیاب انعقاد قطر کی قیادت کے امن اور ترقی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے پاکستان اور قطر کے دفاعی پیداوار ، تجارت ، سرمایہ کاری ، عوام کے مابین رابطوں سمیت کثیر الجہتی تعلقات ہیں اور ہم مشترکہ خوشحال مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں،انہوں نے قابل تجدید توانائی ، رئیل سٹیٹ ، انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار کو بھی سراہا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کے بعد پاکستان نے قطر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور عرب اسلامک سمٹ میں اہم کردار ادا کیا جبکہ قطر نے بھی رواں سال بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی بھرپور حمایت کی، پاکستان کے عوام قطر کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں قطر میں مقیم پاکستانی برادر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

قبل ازیں قطر کے سفیر علی مبارک الخاطر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی دن کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت پر خوشی ہے، قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور قطر اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے، یہ دوطرفہ تعاون ہمارے قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر نے عالمی سطح پر امن و استحکام اور تعاون کے لئے بھی بھرپور کاوشیں کی ہیں۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ اور دیگر نے قطر کے قومی دن پر کیک کاٹا۔

Shares: