اسلام آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 29 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا-
باغی ٹی وی: جسٹس عمر عطا بندیال رات بارہ بجتے ہی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے سے ریٹائر ہوگئے جس کے بعد آج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری 11 بجے ایوان صدر میں ہوئی ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چاروں گورنرز، وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے تمام ججز نے شرکت کی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حلف لینے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن میں بھی اہم تبدیلیاں ہوگئی ہیں، اور جسٹس اعجازالاحسن سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے ہیں،چیف جسٹس پاکستان کے حلف کے ساتھ ہی سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن میں بھی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
آئین کے مطابق چیف جسٹس اور 2 سینئر ججزسپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہوتے ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا ہے، اور اب جسٹس اعجازالاحسن سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے ہیں، جب کہ جسٹس سردار طارق پہلے ہی سپریم جوڈیشل کونسل کاحصہ ہیں دوسری جانب جسٹس منیب اختر ججز تقرری کیلئےقائم جوڈیشل کمیشن کا حصہ بن گئےہیں، جب کہ جسٹس سردار طارق، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصورعلی شاہ پہلے ہی کمیشن کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس اور4 سینئر ججزرکن ہوتے ہیں، جب کہ کمیشن کے دیگر ارکان میں ایک ریٹائرڈ جج، وزیرقانون اور اٹارنی جنرل شامل ہوتے ہیں پاکستان بار کونسل کا ایک نمائندہ بھی جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہوتا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے آباؤ اجداد کا تعلق افغانستان کے علاقے قندھار سے تھا بعد میں وہ بلوچستان کے علاقے پشین میں آکر آباد ہوئے، ان کے دادا قاضی جلال الدین قلات ریاست کے وزیراعظم رہے جبکہ والد قاضی محمد عیسیٰ تحریک پاکستان کے سرگرم رہنما تھے۔
انھیں آل انڈیا مسلم لیگ بلوچستان کے پہلے صدر ہونے کا اعزاز حاصل تھا بعد میں جب پاکستان کے قیام کے لیے ریفرنڈم ہوا تو انہوں نے اس میں بھرپور تحریک چلائی امریکہ اور انڈیا میں پاکستان کے سابق سفیر اور اقوام متحدہ میں مندوب جہانگیر اشرف قاضی ان کے کزن ہیں جبکہ مرحوم بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری سے بھی ان کی قریبی رشتے داری تھی۔
قاضی فائز عیسیٰ 26 اکتوبر 1959 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی۔ بعد میں کراچی گرامر سکول سے اے لیول کرنے کے بعد وہ قانون کی تعلیم حاصل کرنے لندن چلے گئے جہاں سے 1985 میں واپس آئے اور بلوچستان ہائی کورٹ کے وکیل کے طور پر کریئر شروع کیا۔
کوئٹہ سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جسٹس قاضی فائز نے کراچی میں کراچی گرامر اسکول سے اے اوراو لیول کیا ، اور لندن کے انز آف کورٹ اسکول آف لاء سے بار پروفیشنل اگزامینیشن مکمل کیا،جسٹس قاضی فائز 30 جنوری 1985 کو بلوچستان ہائیکورٹ میں اور مارچ 1998 میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بنے، 5 اگست 2009 ک بلوچستان ہائیکورٹ کا جج مقرر کیا گیا،جسٹس قاضی فائز کا بطور چیف جسٹس دور بہت مختصر ہو گا، وہ 25 اکتوبر 2024 کو عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔








