اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان، شہباز شریف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔تقریب میں موجود اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت کے سامنے وزیراعظم نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کا دفاع ہمارے لیے اولین قومی ضرورت ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی غفلت یا کوتاہی ناقابلِ قبول ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کے امن پسند رویے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا اور عالمی امن میں ہمارا کردار قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن ہماری اولین خواہش ہے، اور ہم خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے اور اس کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمہ تک آپریشنز جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے سر کو مکمل طور پر کچلنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آزادی اظہار رائے کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ آزادی اظہار رائے ایک اہم حق ہے، مگر اس کا استعمال آئین کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گالی یا گولی کسی مسئلے کا حل نہیں اور مسائل کے حل کے لیے قانونی اور آئینی طریقہ کار کو اپنانا ضروری ہے۔یوم دفاع کی اس مرکزی تقریب میں پاک فوج کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ملک کی سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یہ عہد کیا گیا کہ پاکستان کا دفاع ہمیشہ مضبوط و مستحکم رہے گا۔

Shares: