پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی جانب سے حسن نواز کے دیوالیہ ہونے پر بھٹو دور کو زیر بحث لانا درست نہیں۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ دیوالیہ آپ آج ہو رہے ہیں اور وہ بھی برطانیہ میں تو اس میں بھٹو دور کہاں سے بیچ میں آ گیا؟قوم کو حقیقت بتائیں کہ آپ نے اپنے آپ کو اس لیے دیوالیہ ظاہر کر دیا تاکہ برطانیہ میں ٹیکس ادا نہ کرنا پڑے، جو کرتوت یہاں پر ہیں وہی وہاں پر ہیں، کچھ تو شرم حیا کریں۔ہمیں قیادت نہ روکے تو سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیں گے۔

واضح رہے کہ شریف خاندان کے ترجمان نے برطانوی عدالت کی جانب سے حسن نواز کی کمپنی کو دیوالیہ قرار دینے پر ردعمل دیاتھا،نواز شریف خاندان کے ترجمان نے برطانوی عدالت سے حسن نواز کی کمپنی کو دیوالیہ قرار دینے کی خبر پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو دیوالیہ کرنے کے عمل کا آغاز 1972 سے ہوا جب پہلی مرتبہ ذوالفقار علی بھٹو صاحب کے زمانے میں صنعتوں کو نیشنلائز کیا گیا جس میں شریف خاندان بھی شامل تھا۔ شریف خاندان کو صرف سزا دینے کے لیے ان کے خاندان کے کاروبار کو چار بار دیوالیہ کرایا جا چکا ہے، شریف خاندان کے لیے یکے بعد دیگرے آنے والے ایسے اتار چڑھاؤ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ ملک وقوم اور اصولوں کی خاطر شریف خاندان نے برسوں کی محنت سے چلنے والے نجی کاروبار کے نقصانات اور ذاتی دکھ برداشت کیے ہیں، کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کے عرصے کے دوران ٹیکس نہیں دیا جاتا، برطانوی عدالت نے حسن نواز کے اسی موقف کو درست قرار دیا ہے۔

Shares: