قومی اسمبلی حکومت اور اتحادی جماعتوں کے 240 ارکان کی موجودگی کے باوجود کورم کی عدم تکمیل کے باعث اجلاس جاری نہ رکھ سکی۔

جمعہ کو ہونے والے اجلاس کے آغاز میں ہی اپوزیشن رکنِ اسمبلی نے کورم کی نشاہدہی کردی، جس کے بعد ایوان کی کارروائی معطل کرنا پڑی۔اجلاس شروع ہوتے ہی رکن قومی اسمبلی محبوب جان نے ایوان میں کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی۔ کورم کی گنتی کے دوران واضح ہوا کہ ایوان میں مطلوبہ تعداد 84 ارکان موجود نہیں، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اجلاس کی کارروائی آگے بڑھانا مناسب نہ سمجھا۔کورم پورا نہ ہونے پر اسپیکر نے کارروائی فوری طور پر روک دی اور اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مجموعی طور پر 240 ارکان قومی اسمبلی میں موجود ہیں، اس کے باوجود اجلاس میں مطلوبہ حاضری یقینی نہ بنائی جاسکی، جس پر اپوزیشن نے حکومت کی پارلیمانی کارکردگی پر شدید تنقید بھی کی ہے۔ایوان میں ایک بار پھر کورم کی نشاندہی سے نہ صرف قانون سازی کا عمل متاثر ہوا بلکہ حکومتی بینچوں کی عدم دلچسپی بھی نمایاں طور پر سامنے آئی ہے۔

Shares: