وزیر اطلاعات و صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے قرضوں کے بوجھ اور مسائل کے انبار حل کئے جا رہے ہیں انشاء اللہ آنے والے چار برس ترقی و خوشحالی کی نوید ثابت ہوں گے اور عام آدمی کی مشکلات کم سے کم کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر کام جاری ہے۔ اسی طرح موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے ڈیرہ نیو مزنگ میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت ملک کو مستحکم بنیادیں دینا چاہتی ہے اسی لئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کرپشن کے خاتمے اور لانگ ٹرم پالیسیز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بعض عناصر اپنے مخصوص سیاسی مقاصد کیلئے منفی پراپیگنڈا میں مصروف ہیں عوام بخوبی جانتے ہیں کہ نوازلیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے ادواراقتدار میں ملک کے ساتھ کیا کھلواڑ کیا، قومی خزانہ کس بے دردی سے لوٹا اور اپنوں کو کیسے نوازا؟

کشمیر پاکستان کی شہ رگ، اس کیلئے ہم کسی بھی حد تک جائیں گے، میاں اسلم اقبال

میاں اسلم اقبال نے کہاکہ عمران خان نے اپنی انتخابی مہم میں قوم سے کئے ہوئے احتساب کے وعدے کو پورا کیا ہے اور کسی دباؤ میں آئے بغیر بلاامتیاز اور بے لاگ احتساب یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ احتسابی عمل کے بارے میں دانستہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جبکہ نوازلیگ اور پیپلزپارٹی اپنا بویا ہوا کاٹ رہی ہے اور انہیں قومی دولت کا لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ واپس کرنا ہوگا۔میاں اسلم اقبال نے کہاکہ اپوزیشن کو اقتدار کا غم کھائے جا رہا ہے لیکن انہیں مزید چار سال عوامی مینڈیٹ کاانتظارکرنا ہوگا۔

فضل الرحمان کا ایجنڈا دوسروں کے کندھے پررکھ کربندوق چلانا ہے ،میاں اسلم

میاں اسلم اقبال نے کھلی کچہری میں پولیس سمیت لوگوں کی مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنی۔انہوں نے یقین دلایاکہ ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر جلد قابو پالیاجائے گا۔انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے حکومتی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹائیں۔

میاں اسلم اقبال نے کہاکہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پوری طرح متحرک ہے اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔لوگوں کی شکایات پر موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و صنعت میاں اسلم اقبال نے کہاکہ جائز مسائل کا حل ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور سرکاری افسران کو عام آدمی کی دادرسی کیلئے فوری کارروائی کرنا چاہیے تاکہ لوگوں کو غیرضروری پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔اس موقع پر سائلین کی بڑی تعداد نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا شکریہ ادا کیا

Shares: