ارباب اقتدار ہوش میں آئیں اور قوم کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ہی متحد کریں،صدر مرکزی مسلم لیگ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل نظریہ پاکستان میں ہے،معاشی بحران، بدامنی، دہشت گردی ،سیاسی افرا تفری کے خاتمے کے لئے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر قومی اتحاد تشکیل دیا جائے،قیام پاکستان والے جذبے آج زندہ ہوں گے تومشکلات کا خاتمہ ہو گا.نظریہ پاکستان سے انحراف کرنے والوں کا حال قوم دیکھ چکی، ارباب اقتدار ہوش میں آئیں اور قوم کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ہی متحد کریں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پرمنعقدہ صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم،صدر جنوبی پنجاب عمران بھٹی،صدر مرکزی مسلم لیگ ملتان حنیف قریشی،ترجمان جنوبی پنجاب احمد اجمل بھی موجود تھے. خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا،قیام پاکستان سے لے کر اب تک اسلام دشمنوں کو پاکستان کھٹک رہا ہے،یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں نے کلمہ کی بنیاد پر بننے والے ملک کو نشانہ بنا رکھا ہے،مرکزی مسلم لیگ روایتی سیاست کی بجائے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کررہی ہے۔مرکزی مسلم لیگ پاکستان کو لسانیت،فرقہ واریت،انتشار،شدت پسندی اورپارٹی بازی کی دلدل سے نکالے گی۔
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم نے یہ نظریہ پیش کیا کہ ہندو مسلم دو علیحدہ قومیں ہیں یہ اکٹھی نہیں رہ سکتیں، جس طرح پاکستان کا قیام ضروری تھا اسی طرح آج پاکستان کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر کھڑا کرناضروری ہے،نظریہ پاکستان پر آج بھی متحد ہو جائیں تو معاشی مسائل ،دہشت گردی ،سیاسی افراتفری ختم ہو سکتی ہے،بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں پاکستان دشمن طاقتیں متحرک ہو چکی ہیں، علماء کرام ،سیکورٹی فورسز،عام عوام پر دہشتگردانہ حملےپاکستان پر حملے ہیں،قیام پاکستان کے بعد سیاستدانوں و حکمرانوں نے اللہ سے کئے گئے عہد کو پورا نہیں کیا،حکمران رب سے معافی مانگیں اور اپنے رویئے بدلیں.







