پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے ہزاروں رضاکاروں نے سیلاب متاثرین کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو پیش کردیا۔

اسی سلسلے میں جماعت کے شعبہ خدمت خلق کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہال میں ایک شاندار خدمت کنونشن منعقد ہوا جس میں شہر بھر سے آنے والے ہزاروں رضاکاروں نے شرکت کی۔ کنونشن میں رضاکاروں نے مخصوص جیکٹس پہنی اور سیلاب متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔کنونشن کے شرکاء کو ملک کے مختلف حصوں میں جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور اس میں کام کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک بڑی آزمائش کے دہانے پر ہے اور اس مشکل گھڑی میں پوری قوم کو خدمت کے جذبے کے ساتھ متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ پہلے ہی ریسکیو سینٹرز قائم کرچکی ہے اور فری کشتی سروس بھی شروع کردی گئی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں پھنسے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔ فیصل ندیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہزاروں رضاکاروں کا یہ قافلہ دن رات متاثرین کی خدمت کے لیے تیار ہے۔کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمت انسانیت کو صرف آفات تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ ہمارا مقصد ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو پورا سال اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت کرتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کا یہ جذبہ پاکستان کی اصل پہچان ہے اور اسی سے ہم ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

خدمت کنونشن سے صدر خدمت خلق شفیق الرحمن وڑائچ، مرکزی ترجمان تابش قیوم اور میڈیکل ٹیم کے ارکان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں رضاکاروں اور میڈیکل ٹیموں نے دن رات کام کرکے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا ہے اور یہ سلسلہ بحالی کے مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔کنونشن میں شریک رضاکاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہر ممکن وسائل کے ساتھ میدانِ عمل میں موجود رہیں گے۔
پاک بحریہ ملک کی محافظ اور تابناک مستقبل کی معمار ہے،وزیرِ اعظم شہباز شریف

Shares: