پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ)قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں خیبرپختونخوا کے ایتھلیٹکس کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18 میڈلز جیت کر مردوں کے ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ اسلام آباد میں منعقدہ ان مقابلوں میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے 6 گولڈ، 5 سلور اور 7 برانز میڈلز حاصل کیے۔
مردوں کی کیٹگری میں خیبرپختونخوا نے 5 گولڈ، 3 سلور اور 4 برانز میڈلز جیتے، جبکہ خواتین کی کیٹگری میں ایک گولڈ، دو سلور اور تین برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ یہ شاندار کامیابی خیبرپختونخوا کی ایتھلیٹکس ٹیم کی بہترین تیاری اور کوچز کی محنت کا نتیجہ ہے۔
اس کامیابی کا سہرا کوچز عابد آفریدی، سید جعفر شاہ، سہیل، عدنان، اور فیمیل کوچ فاطمہ کے سر جاتا ہے، جنہوں نے شفاف ٹرائلز کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور انہیں کوالیفائیڈ کوچز کے زیر نگرانی ٹریننگ دی۔ اس تربیت کا نتیجہ خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی کی صورت میں سامنے آیا۔
مقابلوں کے دوران خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے سپورٹس مین اسپرٹ اور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، جو کسی بھی اچھے کھلاڑی کی پہچان ہے۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں فرمان علی (لانگ جمپ)، وسعی اللہ (ڈسکس تھرو)، بلال (جیولن تھرو)، عطا اللہ (400 میٹر ریس اور 4×400 ریلے ٹیم ایونٹ) شامل ہیں، جنہوں نے گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
سلور میڈلز جیتنے والوں میں عطا اللہ (100 میٹر دوڑ)، اسامہ خالد (200 میٹر دوڑ)، اور حماد خان (لانگ جمپ) شامل ہیں، جبکہ برانز میڈلز جیتنے والوں میں ہائی جمپ، 110 میٹر ہرڈلز، 1500 میٹر ریس، اور 400 میٹر ریس کے کھلاڑی شامل ہیں۔
خواتین کیٹگری میں ایمن شہزاد نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیتا، مناحل نے ڈسکس تھرو میں سلور میڈل حاصل کیا، اور ریحاب علی نے 100 میٹر ہرڈلز میں سلور میڈل جیتا۔ ایمن، راشیدہ، اور 4×100 میٹر ٹیم ایونٹ کی خواتین نے برانز میڈلز جیتے۔
ایتھلیٹکس کوچ عابد آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے صوبے اور ملک کا نام روشن کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ نیشنل گیمز میں بھی وہ اسی جوش و جذبے سے حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو قابل تحسین ہے۔