قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل

سنٹرل پنجاب کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بلوچستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر تیمور علی 59 اور کاشف بھٹی 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ وقاص مقصود 3 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل علی وقاص 75 اور عمران بٹ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 120 رنز کی شراکت قائم کی۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز خیبرپختونخوا نے 93 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بنالیے۔ خالد عثمان 6 اور ساجد خان 4 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ فاسٹ باؤلر محمد عباس 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں۔ اس سے قبل عادل امین اور کامران غلام نے چوتھی وکٹ کے لیے 99 رنز کی شراکت قائم کی۔ عادل امین 90 اور کامران غلام 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر مصدق احمد نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب نے ٹاس کیے بغیر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن نے سندھ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنالیے ہیں۔ وقاص احمد 18 اور نعمان علی 15 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل محمد نواز، حماد اعظم اور عمر امین نے ناردرن کی جانب سے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ محمد نواز 73 ، حماد اعظم 64 اور عمر امین 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سندھ کے تابش خان اور سہیل خان 3،3 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

Comments are closed.