پسرور (باغی ٹی وی،نامہ نگار وقاص اسلم ) بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبر ہمارے قومی قائد کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اصولوں کی پابندی، نظم و ضبط اور محنت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی و معاشی محرومیوں کو بھانپتے ہوئے انہیں مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر متحد کیا اور انتھک جدوجہد کے ذریعے دنیا کے نقشے پر ایک ایسی آزاد ریاست تخلیق کی جہاں ہر شہری اپنے مذہب، ثقافت اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکے۔ سدرہ ستار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا قیام ایک ایسی فلاحی اور جمہوری ریاست کے لیے عمل میں لایا گیا تھا جہاں قانون کی بالادستی ہو اور اقلیتوں، بالخصوص مسیحی برادری سمیت تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو۔
انہوں نے موجودہ ملکی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی، ناانصافی اور انتشار نے ہمیں قائد کے اصل وژن سے دور کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل مایوسی اور بے سمتی کا شکار ہو رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ قائداعظمؒ کا نوجوانوں کے لیے ہمیشہ یہی پیغام رہا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں، دیانتداری اختیار کریں اور ملک کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ 25 دسمبر کے دن کی اصل روح تقاضا کرتی ہے کہ ہم محض الفاظ کی حد تک نہیں بلکہ عملی طور پر قائد کے سنہری اصولوں "ایمان، اتحاد اور تنظیم” کو اپنائیں، کیونکہ قائد کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنانے کا یہی واحد راستہ ہے اور یہی ان سے سچی عقیدت کا اظہار ہو گا۔








