بنگلہ دیش آرمی کے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمٰن نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نشانِ امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور دفاعی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد فیض الرحمٰن نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی، تجربات کے تبادلے اور باہمی عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔