کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مضر صحت اور مشتبہ آئسکریم کھانے سے 20 سے زائد بچوں کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔
سول اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی نے بتایا کہ سریاب کے مختلف علاقوں بشمول کیچی بیگ، قمبرانی روڈ اور بشیر چوک سے 20 سے زائد بچے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لائے گئے۔ ابتدائی طبی معائنہ میں یہ بات سامنے آئی کہ متاثرہ بچوں نے ایک ایسی آئسکریم کھائی تھی جو مبینہ طور پر مضر صحت اور غیر معیاری تھی۔
ڈاکٹر عبدالہادی نے کہا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد 8 بچوں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 12 بچوں کو ابھی بھی اسپتال میں نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ اب تک کسی بچے کی حالت تشویشناک نہیں ہے اور تمام مریضوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔دوسری جانب، مقامی پولیس نے والدین کی شکایات کی بنیاد پر فوراً کارروائی شروع کر دی ہے اور آئسکریم فروخت کرنے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مضر صحت آئسکریم کی فروخت روکنے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام ممکن ہو سکے۔