کوئٹہ:کوئٹہ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دشت کے علاقے اسپلینجی میں کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دہشت گردوں سے مقابلے میں 4 اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

اپریل میں سی ٹی ڈی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں تخریب کاری کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتاایا تھا کہ دہشت گردوں نے پولیس اور لیویز اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا۔

ادھروزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کاروائی پر اظہار اطمینان کیا ہے

وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا،سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر کے انہیں.بھاری جانی نقصان پہنچایا۔

وزیراعلیٰ نے کاروائی کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے جرات و بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا کامیابی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔ دہشت کے خاتمے کی جنگ میں کامیابی عوام اور ہمارے سیکیورٹی اداروں کی ہوگی ۔

Shares: