کوئٹہ (باغی ٹی وی رپورٹ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے بروری کلی ابراہیم زئی کے قریب واقع حجام کی دکان پر نامعلوم افراد کی فائرنگ
اس فائرنگ کے نتیجے میں دکان میں موجود نائی، 55 سالہ مجاہد، جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق بہاول پور سے تھا
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے حجام کی دکان میں موجود شخص پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مجاہد کے نام سے ہوئی ہے جو بہاولپور کا رہائشی تھا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔