کوئٹہ: ہزار گنجی کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گیس لیکج کے باعث دھماکے میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
ہزار گنجی کے علاقے کلی خزاں میں رہائشی ہمایوں خان کے گھر میں گیس بھر جانے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی گھروں میں بھی اس کی آواز سنائی دی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہمایوں خان کی اہلیہ اور 10 سالہ بیٹی بی بی زویا موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ ان کا بیٹا رئیس خان زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر میں رات کے وقت گیس لیک ہونے کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی، اور جیسے ہی صبح چولہا جلایا گیا تو دھماکا ہوگیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں گھر کا کچھ حصہ بھی متاثر ہوا ہے۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سردیوں میں گیس لیکج کے واقعات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور رات کے وقت گیس ہیٹر یا چولہے بند کرنا نہ بھولیں۔








