کوئٹہ اور پشاور کے درمیان ٹرین سروس دو روز کے لیے معطل رہے گی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو سیلابی صورتحال کے پیش نظر معطل کیا گیا ہے، 25 اور 26 اگست کو کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس پشاور کیلئے روانہ نہیں ہو گی،کوئٹہ سے چمن پیسنجر اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئی۔ دوسری جانب ٹرینوں میں مسافروں کی کم تعداد کی وجہ سے دو مسافر گاڑیاں معطل کر دی گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق بولان میل کراچی تا کوئٹہ اور شاہ حسین ایکسپریس کراچی تا لاہور آج معطل رہیں گی ملت ایکسپریس کو قراقرم ایکسپریس میں ضم کردیا گیا، قراقرم ایکسپریس کراچی سے شام 5بجے روانہ ہوگی،سافر معلومات اور سہولت کے لیے کراچی کینٹ اور لاہور اسٹیشن کے ریزرویشن دفاتر سے رجوع کریں۔
محسن نقوی کا پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
دوسری جانب پاکستان ریلویز نے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) کاؤنٹرز اور آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے ریفنڈ پالیسی متعارف کرا دی ہے، سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی او ایس کاؤنٹرز پر ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخ کرنے پر 90 فیصد ریفنڈ مل سکتا ہے۔
ریفنڈ پالیسی کے تحت روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخی پر 80 فیصد رقم ریفنڈ کی جائے گی جبکہ 24 گھنٹے کے اندر کی گئی ٹکٹ منسوخی پر ٹکٹ کی 70 فیصد رقم واپس ملے گی، پالیسی کے مطابق اگر کوئی مسافر روانگی کے 2 گھنٹے کے اندر اندر اپنے ٹکٹ کی منسوخی کرائے گا تو اسے کرایہ کا 50 فیصد واپس کر دیا جائے گا۔
9 مئی، ایک اور کیس کا فیصلہ،109 میں سے 75 ملزمان کو سزائیں
نئی پالیسی میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے معاملات میں جہاں کوئی ٹرین منسوخ یا 6 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کا شکار ہو گی، تو اس کے مسافر اپنے ٹکٹ کی مکمل رقم کی واپسی کا مطالبہ کر سکتے ہیں، مسافر یہ رقم اپنی اصل ٹکٹ اور اپنے شناختی کارڈ کی کاپی پیش کرنے کے بعد پی او ایس کاؤنٹرز سے اپنی رقم لے سکتے ہیں۔








