راکھی ساونت نے سلمان خان اور سہیل خان کو اپنا ’’گاڈ برادر‘‘ قرار دیا
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2021/03/WhatsApp-Image-2021-03-17-at-12.14.14-PM.jpeg)
بھارتی اداکارہ و ڈانسر اور بگ باس 4 کی کھلاڑی راکھی ساونت نے بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور ان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کو اپنا گاڈ برادر یعنی خدائی مددگار قراردے دیا۔
باغی ٹی وی: بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان اور سہیل خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے اس وقت ان کی مالی اور جذباتی مدد کی جب انہیں مدد کی بہت زیادہ ضرورت تھی۔
راکھی ساونت نے بتایا کہ انہوں نے میری ماں کے علاج میں بھی میری مدد کی ہے۔حتیٰ کہ ان دونوں نے اس بات کو میڈیا سے دور رکھنے کے لیے بھی کہا اور انہوں نے ہمیشہ مجھے کہا ہے ہم تمہاری جو بھی مدد کرتے ہیں اسے دوسروں کے سامنے کہنے کی ضروررت نہیں ہے۔
راکھی ساونت نے سلمان اور سہیل خان کو اپناگاڈ برادر قرار دیتے ہوئے کہا مجھے معلوم ہے جب سلمان خان آس پاس ہوتے ہیں تو کچھ بھی غلط نہیں ہوسکتا۔
راکھی ساونت نے مزید کہا کہ سلمان خان نے ان کی صرف مالی طور پر مدد نہیں کی بلکہ بگ باس شو کے دوران انہوں نے میری رہنمائی بھی کی اور مجھے ہر طرح سے سپورٹ کیا۔
راکھی نے اپنے کیریئر میں آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت کم عمری میں سمجھدار ہوگئی تھی مجھ پر میری ماں، بھائی اور بیوہ بہن کی ذمہ داری تھی میں اس وقت ہر کسی کے ساتھ بہت تلخ لہجے میں بات کرتی تھی کیونکہ مجھے کوئی سمجھانے والا نہیں تھا۔
لیکن اب سلمان خان نے مجھے سمجھایا ہے کہ مجھے اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہئے اور بگ باس کے گھر کے اندر بھی مجھے سب سے نرمی سے پیش آنا چاہئے اگر میں نے خود کو تبدیل کرلیا تو مجھے انڈسٹری میں کام ملے گا اور مجھے اب کام چاہئے۔