لنڈی کوتل (باغی ٹی وی)سعودی آرگنائزیشن رابطہ العالم الاسلامی (مسلم ورلڈ لیگ) اسلام آباد کے تعاون سے ضلع خیبر، بڈھ بیر، ریگی، للمہ، فقیر آباد، چارسدہ، صوابی، اکوڑہ خٹک اور مردان سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں اور ان کے خاندانوں میں خطیر مالی امداد تقسیم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد پشاور کے رِنگ روڈ پر واقع دی بیسٹ اسکول میں کیا گیا، جس کا اہتمام آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر محترم عبداللطیف اور جمرود کے معروف سماجی کارکن حاجی جمال آفریدی نے سوشل ورکرز کی متحرک ٹیم کے ہمراہ کیا۔ امداد کی تقسیم کے عمل میں نعیم اللہ، عابد علی، سمیع اللہ، سردار، غنی، عمر آفریدی اور ابوبکر نے بھرپور معاونت فراہم کی جبکہ اسکول کے پرنسپل حبیب الرحمن نے فلاحی مقصد کے لیے بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ وصول کیا۔

تقریب کے دوران مجموعی طور پر 243 خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 523 یتیم بچوں میں 58,553,821 روپے (پانچ کروڑ پچاسی لاکھ تریپن ہزار آٹھ سو اکیس روپے) کی خطیر رقم نقد تقسیم کی گئی۔ امداد کی فراہمی یتیم بچوں کی ضروریات اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی، جس میں بعض بچوں کو 3 لاکھ 66 ہزار روپے جبکہ بعض کو 2 لاکھ 44 ہزار روپے فی یتیم کے حساب سے ادائیگی کی گئی۔ اس موقع پر جمرود کے مزید 92 یتیم بچوں کا ڈیٹا بھی ڈائریکٹر عبداللطیف کو فراہم کیا گیا تاکہ ان کی فوری رجسٹریشن مکمل کر کے انہیں بھی آئندہ مرحلے میں امدادی پروگرام کا حصہ بنایا جا سکے۔ منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یتیموں کی کفالت ایک عظیم دینی فریضہ ہے اور رابطہ العالم الاسلامی پاکستان بھر میں مستحقین کی معاونت کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھے گی۔

Shares: