میں فیلڈ جرنلسٹ نہیں ہوں، میں ڈاٹس کونیکٹ کرکے خبر تلاش کرتا ہوں اور اسے خبر کی بنیاد پر تجزیہ پیش کرتا ہوں، جو کم و بیش درست ہوتا ہے۔ آج سپیرئیر یونیورسٹی کے تاریخی ہال میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، یہ وہی ہال تھا جہاں چند سال پہلے میں نے لفافہ جرنلزم پر اپنا ریسرچ پیپر پیش کیا تھا، لیکن آج کی میٹنگ مختلف نوعیت کی تھی، سٹیج پر سپیرئیر گروپ کے کاروباری حریف میاں عامر محمود صوبوں کی تقسیم پر دلائل دے رہے تھے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہر ڈویژن کو ایک صوبہ بنایا جائے، اور ملک کو 33 انتظامی یونٹس میں تقسیم کیا جائے، ہر صوبے میں 16 محکمے بنانے کی تجویز کے ساتھ ساتھ انہوں نے کمشنر کو چیف سیکرٹری بنا دیا جائے، انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ "ابھی آتے ہوئے کسی نے ایک لفافہ دیا ہے، جس میں کچھ مزید تجاویز ہیں جو میری نظر میں قابل عمل ہیں۔” لفظ کسی کو سنتے ہی میں نے ڈاٹس ملانا شروع کر دئیے، معدنیات بل کی مخالفت، نہروں کے معاملے پر احتجاج، ستائیسویں ترمیم پر شور شرابا، ان تین نکات نے مقتدر حلقوں کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کر دیا ہے۔ پاکستان میں صوبوں کی تقسیم سے فی الحال سیاسی جماعتوں کا اثر کم کرنے کا تاثر ملتا ہے، جیسے پیپلز پارٹی کو دیہی سندھ تک محدود کرنا، کراچی، حیدر آباد اور سکھر پر پرو اسٹیبلشمنٹ ایم کیو ایم کا اثر بڑھے گا، پنجاب میں ن لیگ کو جی ٹی روڈ یا شمالی پنجاب کی جماعت بنانا جبکہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو اثر کم ہو جائے گا، کیا تقسیم سے زیادہ بلدیاتی نظام کو بہتر نہیں بنانا چاہیے؟ کیا اس تقسیم سے اپنی پسند کا وزیرِ اعلیٰ لانے میں آسانی نہیں ہو جائے گی؟ اس ساری بحث سے لگ رہا ہے کہ مسائل حل کرنا مقصود نہی بلکہ عوام کو مزید چھوٹی چھوٹی ٹکڑیوں میں تقسیم کر کے کمزور کرنا ہے تاکہ نظام کو چیلنج کرنے والا کوئی نہ ہو۔ بہرحال ہال میں موجود نوجوانوں نے اسی سے ملتے جلتے سوالات کئے، لیکن کسی سوال کا جواب نہیں ملا اور تشنگی ابھی باقی ہے،

بہرحال سپیرئیر کے ریسرچ ہال میں بریانی، قورمہ اور چائے پی کر میں نے دفتر کی راہ لی، کمرے میں بیٹھ کر تصویر بنائے اور اپنے گھر میں بستر پر بیٹھے یہ روداد تحریر کردی ہے، بہرحال مولانا فضل الرحمان، زرداری ، نواز شریف اور ایم کیو ایم اگر وسیع تر قومی مفاد میں ایک ہوسکتے ہیں تو لاہور کی دو بڑی کاروباری حریف شخصیات کے ساتھ بیٹھنے پر بھی حیرانی ہر گز نہیں ہونی چاہیے، جنریشن زی کو خواب دکھانے کے سفر کا آج آغاز ہوچکا ہے، ون یونٹ سے لیکر اٹھارویں ترمیم تک تجربے ہوچکے ہیں، ایک اور تجربہ سہی، کیونکہ پاکستان ایک تجربہ گاہ ہے اور یہاں جنگ کے ڈیزائن بھی سیاست دان ہی بناتے ہیں

Shares: