رحیم یار خان: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں سکھر ملتان موٹروے کے قریب ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے 10 شہری 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال بازیاب نہ ہوسکے۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز بھونگ کے قریب پیش آیا، جب مسافر گاڑیوں پر کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے درجنوں ڈاکوؤں نے حملہ کیا۔ ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کے بعد خوف و ہراس پھیلا کر 10 مسافروں کو یرغمال بنا لیا اور انہیں اپنے ساتھ کچے کے علاقے میں لے گئے۔اس واقعے میں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی شہریوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، تاہم کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے مضبوط ٹھکانوں اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ بھونگ میں درج کرلیا گیا ہے جس میں 40 سے زائد ڈاکوؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں اغواء برائے تاوان، دہشتگردی، مسلح فائرنگ اور دیگر سنگین جرائم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے تاکہ مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا جاسکے۔ دوسری جانب شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Shares: