قصور ( باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز باقر رسول انور کی زیر نگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مصطفیٰ آباد کے علاقے میں فیضان ملک یونٹ پر چھاپہ مار کر 800 لیٹر زہریلا دودھ موقع پر تلف کردیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق دورانِ کارروائی کیمیکلز ملا کر دودھ تیار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ موقع سے دودھ والی گاڑی، دودھ تیار کرنے والا سامان اور دیگر کیمیکل مواد قبضہ میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پانی، گھی، پاوڈر اور کیمیکل ملا کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کرتا تھا جو لاہور سمیت دیگر شہروں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ اس غیرمعیاری اور مضرِ صحت دودھ سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز باقر رسول انور نے کہا کہ عوام کو صاف ستھری، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، اور کسی بھی قیمت پر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف شکایات فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیج یا ٹال فری نمبر 1223 پر درج کروائیں تاکہ معاشرے کو زہریلی خوراک سے پاک بنایا جا سکے۔