اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) بارش، خشک سردی کا خاتمہ، موسم خوشگوار

اوچ شریف اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے خشک سردی کا خاتمہ کر دیا، جس کے بعد موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ بادلوں کی گرج چمک، رم جھم اور ٹھنڈی ہواؤں نے فضا کو معطر کر دیا، جبکہ بارش سے دھلی سڑکیں اور سرسبز درختوں نے قدرتی حسن میں اضافہ کر دیا۔

شہریوں نے بارش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کسی نعمت سے کم نہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل خشک موسم کے بعد ہونے والی یہ بارش نہ صرف سردی کی شدت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ زراعت کے لیے بھی انتہائی مفید رہے گی، خاص طور پر گندم اور دیگر فصلوں کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ کسانوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بارش سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوگا اور بہتر پیداوار حاصل ہوگی۔

دوسری جانب بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو معمولی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مجموعی طور پر موسم کی تبدیلی نے عوام میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ مختلف علاقوں میں شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کیا، جبکہ گھروں میں بھی گرما گرم پکوانوں کی خوشبو نے موسم کے مزے دوبالا کر دیے۔

Shares: