سیالکوٹ:ڈسکہ میں بارش نے’’کلین اینڈ گرین مہم ‘‘کا پول کھول دیا
سیالکوٹ باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر شاہد ریاض)ڈسکہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے ’’کلین اینڈ گرین مہم ‘‘کا پول کھول دیاڈسکہ کی سڑکیں ،گلیاں ،بازار ندی نالوں میں تبدیل کاروباری زندگی معطل ٹی ایم اے کا عملہ اور اسسٹنٹ کمشنرغائب شہریوں کوگذرنے میں مشکلات ،بارشی اور سیوریج کا گندہ پانی کھڑا رہنے سے بینک روڈ ،وزیر آبادروڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،ٹوٹی سڑکیں اور کھڑا بارشی پانی حادثات کا سبب بننے لگا
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ فیصل احمد کی زیر نگرانی ڈسکہ میں ’’کلین اینڈ گرین مہم‘‘ کا آغاز کیا گیا جس کے لئے سینٹری ورکرز نے چند سڑکوں سے نالوں کی صفائی کی جس کے بعد کام ادھورا چھوڑ دیا گیا سمبڑیال روڈ ،وزیر آباد روڈ ،بینک روڈ اورافشاں روڈ کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں اس مہم کے سلسلہ میں کام نہ کیا گیاچند نالوں سے صفائی کر کے سوشل میڈیا پر تشہیر کی گئی کہ ڈسکہ کی صفائی ہائی لیول پر کی گئی اب ڈسکہ کی ان سڑکوں پر بارشی یا سیوریج کاپانی کھڑا نہیں ہو گا
چند روز کے بعد ہی دو بار ہونے والی بارش نے ان کی کارکردگی کا پول کھول دیا بینک روڈ ،چوک ریسٹ ہاؤس،وزیر آباد روڈ ،افشاں روڈ ،پرانا ڈسکہ ،نسبت روڈ ،لنک افشاں روڈ ،گلہ شاد والہ کالج روڈ ،سمبڑیال روڈ سرکلر روڈ ،سوہاوہ ،غلہ منڈی ،گلہ شہیداں والہ اور پرانی کچہری و دیگر علاقہ جات بارش ختم ہونے کے گھنٹوں بعد بھی پانی میں ڈوبے رہے پانی کی وجہ سے سڑکیں پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گہرے گڑھے پڑے ہو ئے ہیں اب بارشی پانی کھڑا ہونے سے یہ گڑھے حادثات کا سبب بننے لگے کئی موٹر سائیکل سوار ان گڑھوں کی وجہ سے گر کرزخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ۔
شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ خدارا ڈسکہ شہر کی تشہری مہم کے بغیر صفائی مستقل بنیادوں پر کرائی جائے تا کہ سڑکیں پانی سے محفوظ رہ سکیں ۔