لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز لوک سبھا کے اجلاس میں حالیہ پاک بھارت جنگ کے حوالے سے اپوزیشن کے سوالات کو نظر انداز کرتے ہوئے نہ تو یہ بتایا کہ بھارت کے کتنے طیارے تباہ ہوئے اور نہ ہی وزیراعظم کی خاموشی اور صدر ٹرمپ کی طرف سے جنگ بندی کے دعوں کا ذکر کیا الٹا اپوزیشن کو سوالات ڈکٹیٹ کرانے کی کوشش کی جس سے اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت سے جو سوالات پوچھنے چاہیئں وہ آج تک نہیں پوچھے۔ اس نے کبھی بھی صحیح سوالات نہیں کئے۔ اپوزیشن ارکان ہم سے پوچھتے رہے کہ ہمارے کتنے طیارے مار گرائے گئے لیکن انہوں نے کبھی یہ نہیں پوچھا کہ ہماری افواج نے کتنے پاکستانی طیارے مار گرائے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ سوال پوچھنا چاہتے ہیں تو یہ پوچھیں کہ کیا اس جنگ میں بھارت کے کسی فوجی کو نقصان پہنچا یا نہیں۔ ہم ان سوالات کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ بھارتی آپریشن کے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کسی دوسرے ملک کی سرحد پار کرنا یا اس کے کسی علاقے پر قبضہ کرنا نہیں تھا بلکہ آپریشن شروع کرنے کا مقصد ان خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا تھا جنہوں نے پہلگام میں اپنے پیاروں کو کھو دیا تھا۔ آپریشن کا سیاسی عسکری مقصد پاکستان کو سزا دینا تھا۔ اس لیے مسلح افواج کو اپنے اہداف کا انتخاب کرنے اور منہ توڑ جواب دینے کی کھلی چھٹی دی گئی۔ اپنی تقریر کے دوران راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن کے کسی بھی رہنما کا نام لینے سے گریز کیا لیکن بظاہر ان کا اصل نشانہ کانگریس کے لیڈر قائد حزب اختلاف راہول گاندھی تھے جنہوں نے ایوان کی کارروائی میں بھی شرکت کی اور کانگریس کی جانب سے بھارتی ناکامیوں پر بحث شروع کی۔ اجلاس سے قبل راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا ایک ویڈیو شیئر کردیا جس میں انہوں نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے پاکستانی فوج کو بھارتی آپریشن سیندور کے بارے میں پیشگی اطلاع دی تھی اور یہ بھی استفسار کیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے کتنے طیارے تباہ کئے گئے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتی حملے کے آغاز سے قبل پاکستان کو اطلاع دینا قومی جرم تھا۔ وزیرخارجہ نے عوامی طور پر اس کا اعتراف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے ایسا کیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیرخارجہ کو کس نے اس کااختیار دیا تھا کہ وہ پاکستان کو الرٹ کریں جب کہ یہ بھی بتایا جائے کہ پاکستان کو الرٹ کرنے کی کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے۔

- Home
- بین الاقوامی
- آپریشن سندور،راج ناتھ سنگھ لوک سبھا میں اپوزیشن کے سوالوں کو نظرانداز کر گئے
آپریشن سندور،راج ناتھ سنگھ لوک سبھا میں اپوزیشن کے سوالوں کو نظرانداز کر گئے

Khalid Mehmood Khalid2 مہینے قبل