نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف جوا اور سٹے بازی والی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق رجب بٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ویڈیوز اور اشتہارات کے ذریعے عوام کو جوا اور سٹے بازی والی ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسایا، جس کے نتیجے میں عوام کی محنت کی کمائی ضائع ہوئی۔ ایجنسی کے مطابق رجب بٹ نہ صرف ان ایپس کی تشہیر میں سرگرم رہے بلکہ ایک معروف بیٹنگ ایپ کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے ملزم کو بارہا انکوائری کے لیے طلب کیا مگر وہ پیش نہ ہوئے، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات سے معاشرتی بگاڑ پیدا ہو رہا ہے اور نوجوان نسل کو جوا کھیلنے کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔
این سی سی آئی اے نے اس سلسلے میں مزید دو یوٹیوبرز انس علی اور ہریرا کے خلاف بھی جوا پروموٹ کرنے کے الزام میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جوا اور سٹے بازی کی ترویج کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔