راجن پور(باغی ٹی وی رپورٹ) پولیس نے 16 سالہ بچی کی زبردستی شادی روکنے میں کامیابی حاصل کر لی
راجن پور پولیس نے ایک بروقت کارروائی کرتے ہوئے 16 سالہ بچی علینہ بی بی کی زبردستی شادی رکوا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چلائی جانے والی "Never Again” مہم کے تحت کی گئی۔
پولیس کو یہ اطلاع 15 پر متاثرہ بچی کے بھائی نے دی جس کے بعد ڈی پی او دوست محمد نے فوری طور پر نوٹس لیا۔ ڈی ایس پی روجھان کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ بچی کو محفوظ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پولیس نے جلدی کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بازیاب کرایا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم صابر حسین جو کہ بچی سے شادی کرنا چاہتا تھا اپنے والد اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ فیملی پر دباؤ ڈال کر زبردستی نکاح کروانے کی کوشش کر رہا تھا۔
راجن پور پولیس نے چھ ملزمان کے خلاف عمر کوٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ڈی پی او دوست محمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد، ہراسمنٹ، اور زیادتی کے تمام جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔