راجن پور: این اے 193 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے، اس سلسلے میں راجن پور سے آمدہ اطلاعات میں تصدیق کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے NA 193 میں ضمنی الیکشن کے ليے پولنگ ختم ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی امیدوار محسن لغاری اور مسلم لیگ ن کے امیدوار عمار اویس لغاری کے درميان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ حلقہ 193 میں پولنگ 3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ضمنی الیکشن میں 11 امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا، پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور ن لیگ کے عمار لغاری میں زور کا جوڑ پڑے گا، پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات ہونگے، رینجرز اور آرمی کے جوان بھی گشت کریں گے۔
راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔