راجن پور (باغی ٹی وی)کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کی رپورٹ کے مطابق برساتی نالہ کاہا سلطان سے 29 ہزار 340 کیوسک، نالہ چھاچھڑ سے 6 ہزار 113 کیوسک، اور نالہ کالا بگا سے 2 ہزار 573 کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی خطرات بڑھ گئے ہیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں کوٹ مٹھن کے مقام پر 3 لاکھ 42 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، اور ناح بیراج کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تربیلا، تونسہ، گڈو، اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

ادھر دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور ہیڈ قادرآباد کے مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں کے کناروں پر آباد افراد اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی دیہات کی فصلیں شدید کٹاؤ کے باعث دریاؤں کی نذر ہو گئی ہیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ دریائے راوی، جہلم اور ستلج میں اس وقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم محکمہ موسمیات اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Shares: