نئی دہلی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔
بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون کو ایوارڈ دینے کے بہانے اس کی بے حرمتی کی وزیر اعلیٰ کو مسلم ثقافت اور روایات کا کوئی علم نہیں، اسلام میں خواتین کو نقاب کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی خاتون کے نقاب کو ہاتھ لگائے نتیش کمار ایک سینئر سیاستدان ہیں اور ان سے اس طرح کی حرکت کی توقع نہیں کی جا سکتی تھی۔
راکھی ساونت نے اپنے پیغام میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ان کے ساتھ ایسا سلوک کرے تو انہیں کیسا محسوس ہو گا ایک طرف عزت دینے کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف ایک خاتون کی تذلیل کی جاتی ہے جو ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا کے سامنے اس مسلمان خاتون کو بلا کر بہن قرار دیں اور عوامی طور پر معافی مانگیں،میں یوپی اور بہار کا احترام کرتی ہوں لیکن خواتین کے ساتھ ظلم، بے عزتی اور برقعے کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
دوسری جانب سابق بالی ووڈ اداکار زائرہ وسیم نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی، کہا کہ کسی عورت کی عزت اور حیا کوئی کھلونا نہیں کہ اس کے ساتھ کھیلا جائے اور وہ بھی کسی عوامی اسٹیج پر، ایک مسلمان خاتون کی حیثیت سے، کسی دوسری خاتون کا نقاب اس قدر بے پروائی سے کھینچا جانا اور اس کے ساتھ وہ لاپروائی بھری مسکراہٹ دیکھنا انتہائی غصے اور تکلیف کا باعث تھا۔
زائرہ وسیم نے کہا کہ اختیار کسی کو حدود پامال کرنے کی اجازت نہیں دیتا،وزیر اعلیٰ کو متاثرہ خاتون کو بلا مشروط معافی مانگنی چاہیے۔








