اسلام آباد/لاہور (باغی ٹی وی) رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، چینی اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا، جبکہ حکومتی دعوے حقیقت کے برعکس ثابت ہو رہے ہیں۔
ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے، عام مارکیٹ میں چینی 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلو ہو چکی ہے۔ صرف 2025 کے آغاز سے اب تک چینی کی قیمت میں 15 روپے 63 پیسے کا اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں چینی 22 روپے 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔
چینی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ برآمدات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی، جس کے بعد مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی اکتوبر میں بیرون ملک بھیج دی گئی۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کم قیمت پر چینی بیچنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پیداواری لاگت کے مطابق چینی 170 روپے فی کلو پڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے 140 روپے فی کلو پر فروخت ممکن نہیں۔
دوسری جانب برائلر مرغی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ لاہور میں برائلر گوشت مزید 7 روپے فی کلو مہنگا ہو کر 595 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جبکہ صافی گوشت 690 سے 700 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ تھوک مارکیٹ میں برائلر 397 اور پرچون میں 411 روپے فی کلو میں دستیاب ہےجبکہ منڈی میں مرغی زائد نرخوں پر فروخت ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف مہنگائی کم ہونے کے دعوے کر رہی ہے، جبکہ حقیقت میں روزمرہ اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں۔ رمضان سے قبل مہنگائی کا یہ نیا طوفان عوام کے لیے ایک اور آزمائش بن چکا ہے، شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔