باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے،
عدالت نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج رانا زاہد اقبال نے فیصلہ سنایا اور وفاقی وزیر داخلہ ،ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے رانا ثنا اللہ کو 28 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا،
پولیس نے عدالت کو وارنٹ کی عدم تعمیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی تعمیل کروانے کے لیے فیصل آباد گئے لیکن رانا ثنا اللہ نہیں مل سکے ،ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی،جسے عدالت نے مسترد کر دیا،
پی ٹی آئی کی اتحادی سابقہ حکومت پنجاب نے 2021 اپریل اور جنوری 2022 میں عدلیہ اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کے الزام میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا تھا،درج ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ 15 اپریل 2021 اور 29 جنوری 2022 کو اپنی تقاریر میں رانا ثناء اللہ نے عدلیہ کو اپنا فرض ادا کرنے سے روکنے اور پنجاب پولیس کے افسران کے بچوں کو مارنے کی دھمکی دی تھی