اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے سیلاب متاثرین کیلئے اہم ریلیف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے بجلی کے بلوں پر فوری طور پر ٹیکس معاف کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق بجلی کے بلوں میں ٹیکس کی معافی وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ لینڈ ریونیو کی معافی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے اضافی بلوں کا بھی نوٹس لیا جائے گا، کیونکہ متاثرہ علاقوں میں وہ بل بھی تقسیم ہوئے ہیں جو پہلے ہی پرنٹ ہوچکے تھے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سیلاب متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہوگا، کسان پیکج کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ رواں ماہ کے وسط تک سروے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ ابتدائی ڈیٹا کے مطابق سیلاب میں ہر فصل کو ایک سے تین فیصد تک نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ نقصان گوجرانوالہ ڈویژن میں ہوا جہاں فصلوں کا 18 فیصد تک ضائع ہوگیا ہے، جبکہ دھان کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑا۔رانا تنویر کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور کسانوں کو سہارا دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں زندگی کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔