شیخوپورہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد محمد طلال سے )جماعت اسلامی کے ضلعی امیر رانا تحفہ دستگیر احمد نے ملک بھر کی طرح شیخوپورہ میں بھی کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال پر ضلع بھر کی تاجر برادری اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے امریکہ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی مسلط کردہ پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والی مہنگائی اور بجلی کے ظالمانہ بلوں کو مسترد کر دیا ہے ۔

ہڑتال کے موقع پر سابق امیر ضلع شیخ محمد جمیل ۔سٹی امیر میاں محمد رمضان ۔جے آئی یوتھ کے صدر حافظ عرفان گجر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ شیخوپورہ کے مین بازار اور مارکیٹوں کے دورہ میں تاجر رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تحفہ دستگیر احمد نے کہا کہ شیخوپورہ شہر اور اس ملحقہ تمام چھوٹے بڑے شہر دن بھر مکمل طور پر بند رہے یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ہڑتال کے دوران کہیں بھی بدامنی کا کوئی معمولی واقعہ پیش نہیں آیا جس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ کے عوام کی جانب سے سابقہ حکومتوں کے غلط فیصلوں نے غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو اختیار نہیں کہ وہ بجلی،گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کریں،یہ ظلم و ناانصافی ہے۔ غریب نے قرض لیا نہ وہ ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آٹا، چینی دو سو روپے کلو تک پہنچ گئے ہیں لیکن سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ۔

Shares: