کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رینجرز کی تعیناتی مزید ایک سال کے لیے بڑھانے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی وزرا، مشیروں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے کابینہ کو بتایا کہ رینجرز کی موجودگی سے کراچی میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ اہم کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردی اور سنگین جرائم کے نیٹ ورک کو کمزور کیا گیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق رینجرز انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات کے ساتھ پولیس کی معاونت جاری رکھے گی۔رینجرز کو سی ٹی ڈی اور سندھ پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کی مکمل اجازت ہوگی تاکہ شہر میں قیامِ امن کا سلسلہ برقرار رہے۔رینجرز کی تعیناتی کی نئی مدت 9 دسمبر 2025 سے مؤثر ہوگی، یعنی موجودہ تعیناتی ختم ہونے کے بعد فوراً نئی مدت کا آغاز ہوجائے گا۔








