رانی پور کے علاقے حویلی میں کام کرنے والی ملازمہ 10 سالہ لڑکی فاطمہ کے ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے مرکزی ملزم اسد شاہ سمیت دیگر دو نامزد ملزمان فیاض شاہ اور حنا شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔
14 اگست 2023 کو رانی پور کی ایک حویلی میں فاطمہ نامی 10 سالہ بچی کی مبینہ تشدد کے باعث ہلاکت ہوئی تھی۔ اس کیس کی حساسیت اس وقت بڑھ گئی تھی جب بچی کی موت سے پہلے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کیا۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم اسد شاہ کو فوری گرفتار کرلیا تھا۔سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے عدالت میں پیش درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان اسد شاہ، فیاض شاہ اور حنا شاہ کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کی منظوری دی ہے۔ عدالت نے ملزمان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔