ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ انہوں نے سکھ برادری کو بابا گرونانک کے جنم دن کی مبارکباد دی اور یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بابا گرونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان انتظامات میں سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، خوراک اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات شامل ہیں۔
مشیر وزیراعلیٰ راشد اقبال نے کہا کہ بابا گرونانک کا پیغام محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس پیغام کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری پاکستان میں اپنی مذہبی رسومات بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں مکمل محفوظ اور آزاد ہیں۔
مشیر وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سکھوں سمیت دنیا بھر کے مذاہب اور عقائد کے پیروکاروں کے لیے محبت اور احترام کے جذبات رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے والے یاتری ہماری مہمان نوازی اور محبت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ اس دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی مشیر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔